اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے لیے اسکالر شپس کی رقم جاری

حیدرآباد۔/30جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کیلئے اسکالر شپ کی اجرائی کیلئے 40کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے آج اس سلسلہ میں دو علحدہ احکامات جاری کئے۔ جاریہ مالیاتی سال اقلیتی طلبہ کو اسکالر شپ کی ادائیگی کیلئے 10کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ بجٹ میں حکومت نے اس اسکیم کیلئے 10کروڑ روپئے ہی مختص کئے تھے اور یہ رقم مکمل طور پر جاری کردی گئی ہے۔ دوسری طرف پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی اسکالر شپ کیلئے 30کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ حکومت نے بجٹ میں اس اسکیم کیلئے342 کروڑ 90لاکھ روپئے مختص کئے تھے اور پہلی قسط کے طور پر 30کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ مزید 312کروڑ 90لاکھ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔