ایچوڑہ۔19ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایچوڑہ منڈل کے جملہ 15مساجد کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے 3لاکھ روپئے کی ماہ رمضان المبارک کے موقع پر مساجد کی آہک پاشی اور مرمت کیلئے منظوری عمل میںلائی گئی تھی ۔ آج ماہ رمضان المبارک گذر جانے کے بعد وزیر جنگلات جوگو رامنا کے ہاتھوں چیکس مساجد کے ذمہ داروں کو عطا کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات مسٹر جوگو رامنا نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف قسم کے کام انجام دے رہی ہے ۔ مساجد کے آہک پاشی کیلئے فی مسجد 20ہزار روپیوں کے چیکس دیئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع عادل آباد کے 250مساجد کیلئے 50لاکھ کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی جدوجہد کیلئے تمام مذاہب کے لوگ برابر کے شریک ہیں ۔ حکومت تلنگانہ اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرے گی ‘ وہ بہت جلد کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کا اعلان کرے گی ۔ ’’ ہمارا گاؤں ۔ ہمارا منصوبہ ‘‘ کے تحت حکومت نے دیہاتوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ہے اور اکٹوبر میں بجٹ پیش کرنے کے بعد تمام مسائل کو حل کرے گی ۔ پنشن کی رقم کو 200سے بڑھاکر 1000 روپئے ‘ 500سے بڑھاکر 1500روپئے کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ کتنی بھی مخالفت کرلیں لیکن عوام ہمارے ہی ساتھ ہے ۔ اس کا ثبوت حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے ٹی آر ایس کے کتہ پربھاکر کر جتاکر دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کتنی بھی مخالفت ہوجائے کنٹراکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے گا ۔ وقف بورڈ کی اراضی کا تحفظ کیا جائے گا ۔ تعلیم یافتہ افراد کیلئے نوکریوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ 1لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جائے گا ۔ اس موقع پر جی نگیش ایم پی ‘ ایم ایل اے راتھوڑ باپو راؤ ‘ وی شوبھا رانی زیڈ پی چیرمین ‘ ایم پی پی آمینہ بی ‘ سرپنچ سنیتا چوہان ‘عبدالرشید و دیگر افراد موجود تھے ۔