حیدرآباد ، 30 ڈسمبر (راست) اقرا مشن ہائی اسکول و جونیر کالج واقع نواب صاحب کنٹہ جہاں نما کا 29 واں سالانہ کھیل کود مقابلہ جات (چار روزہ) کا آغاز اس ہفتے کے اوائل دوشنبہ کو ہوا۔ افتتاح کے موقع پر مہمانان خصوصی کی حیثیت سے محمد محتشم علی خان ’مسٹر ورلڈ‘ (سلور میڈلسٹ) اور ٹیبل ٹینس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی نائنا جیسوال شریک ہوئے۔ پرنسپل محمد ساجد علی نے مہمانوں اور اولیائے طلبہ کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی محتشم علی خان نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسپلن، سخت محنت اور والدین کی خدمت کو کامیابی کیلئے لازمی قرار دیا۔ نائنا جیسوال نے اپنی مخاطبت میں اردو کے کئی اشعار پڑھے اور پُرجوش انداز میں طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ کالج کی طالبات نے متاثرکن ’مارچ پاسٹ‘ کیا اور کالج طالبہ ثنا خاتون کے شکریہ پر مقابلے شروع ہوئے۔