اقدام قتل کیس ،روڈی شیٹر گرفتار

حیدرآباد ۔ /25 جون ( سیاست نیوز) چادر گھاٹ پولیس نے اقدام قتل کیس میں ملوث تین افراد بشمول ایک خطرناک روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 جون کو اولڈ ملک پیٹ علاقہ میں 26 سالہ خالد عبدالنجیع پر چادر گھاٹ کے روڈی شیٹر سید امان الدین عرف لالہ اور محمد عمران عرف کالا عمران اور واصف خان پر اس وقت خنجروں سے حملہ کردیا جب وہ کرانہ دوکان سے خریدی کیلئے مکان سے باہر نکلا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سابق میں خالد نے مذکورہ افراد کے خلاف دھمکانے کی شکایت درج کروائی تھی اور شکایت کنندگان سید امان اور اس کے ساتھیوں کو اکثر چھیڑا کرتا تھا ۔ خالد کو قتل کرنے کی غرض سے مذکورہ افراد نے اس پر قاتلانہ حملہ کیا ۔ چادر گھاٹ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے 4 خنجر اور ایک بائیک برآمد کرلئے ۔

شراب خانے کے قریب نومولود کی نعش دستیاب
حیدرآباد ۔ /25 جون (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ میں پولیس نے ایک شراب خانے کے نزد نومولود کو برآمد کرلیا جو آج فوت ہوگئی ۔ بچی ایک کپڑے میں لپٹی ہوئی پائی گئی ہے ۔ اسے شراب خانے کے قریب فٹ پاتھ پر چھوڑ کر چلے گئے مقامی افراد کی اطلاع پر نومولود کو نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں آج علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔