اقدام خودسوزی کرنے والے شخص کی موت

حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) سسرالی رشتہ داروں کے تحفہ سے ناخوش ایک شخص نے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ شاہ میر پیٹ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 48 سالہ ملیش نے خودسوزی کرلی۔ ملیش کے مکان میں آئندہ ہفتہ تقریب منعقد ہونے والی تھی اور اس کے سسرالی رشتہ داروں نے اس کے لئے تحفہ روانہ کیا تھا جو اس کو پسند نہیں آیا۔ اس بات پر میاں بیوی میں بحث و تکرار بھی ہوئی تھی۔ ملیش نے 3 جون کو اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی۔ علاج کے دوران کل رات وہ فوت ہوگیا۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق ملیش ایرپلی شاہ میر پیٹ میں رہتا تھا جو پیشہ سے پینٹر بتایا گیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔