حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) بوئن پلی پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں مبینہ طور پر خود پر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کرنے والی خاتون زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ 25 سالہ سبیتا نے پولیس اسٹیشن میں کل خودسوزی کی کوشش کی تھی جس میں وہ 45 فیصد جھلس گئی۔ پولیس نے اسے گاندھی ہاسپٹل علاج کیلئے بھیجا تھا جہاں وہ آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ سبیتا کے وینکٹیش نامی شخص سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے جس کے سبب اس کے شوہر نے اسے مائیکے بھیج دیا تھا۔ وینکٹیش کی جانب سے اسے بلیک میل کئے جانے کے بعد وہ اپنے شوہر کے مکان لوٹ آئی تھی اور آشنا کے خلاف بوئن پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کیلئے گئی تھی اور بعدازاں خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں سبیتا کا ایک خودکش نوٹ برآمد کیا جس میں وینکٹیش کی جانب سے ہراساں کئے جانے کا ذکر ہے۔ پولیس بوئن پلی نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور وینکٹیش کی تلاش جاری ہے۔