اقتدار کیلئے بعض طاقتیں کسی سے بھی ہاتھ ملا سکتی ہیں: سونیا گاندھی

چندرکوٹ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرکانگریس سونیا گاندھی نے آج جموں و کشمیر کے انتخابی اضافوں میں بی جے پی پر درپردہ تنقید کی اور کہا کہ بعض سیاسی طاقتیں اقتدار کیلئے کسی سے بھی ہاتھ ملا سکتی ہیں۔ ان کے پروگرام اور پالیسیاں مطلب پر مبنی ہوتی ہیں۔ سونیا گاندھی بظاہر بی جے پی پر تنقید کررہی تھیں جس نے کشمیری علحدگی پسندوں کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ انہوں نے ملک کے سیکولرازم کا تحفظ کرنے کیلئے عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کی جبکہ وہ یہاں ایک جلسہ سے خطاب کررہی تھیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ عوام کو ایسی طاقتوں سے ہوشیار رہنا چاہئے جن کے پاس کوئی پالیسیاں ہیں نہ اور پروگرام۔ یہ پارٹیاں صرف ووٹ بینک اور اقتدار کیلئے کسی سے بھی ہاتھ ملا سکتی ہیں۔ صدر کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنی انتشار پسندانہ پالیسیوں کے ذریعہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔