نئی دہلی ۔ /27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ون رینک ون پنشن (او آر او پی) مسئلہ پر حکومت پر تنقید کرنے کے بعد صدر کانگریس راہول گاندھی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے ہفتہ کو کہا کہ کانگر یس سربراہ ساڑھے چار سال تک اقتدار سے دور رہنے کے بعد سپاہیوں کو یاد کرنے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی میڈیا ہیڈ اور رکن راجیہ سبھا انیل بالونی نے کہا کہ 2004 اور 2014 ء کے درمیان جب کانگر یسی زیرقیادت حکومت تھی تو مسٹر گاندھی کو کرپٹ کا ساتھ دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا لیکن انہوں نے سپاہیوں کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ گاندھی ، مودی حکومت پر تنقید کررہے ہیں جس نے سولجرس کیلئے ون رینک ون پنشن ( او آر او پی ) اسکیم پر عمل درآمد کیا ہے جبکہ خود انہوں نے ان کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ یہ نئی قسم کی نچلے درجہ کی سیاست ہے جسے انہوں نے شروع کیا ہے ‘‘ بالونی نے کہا کہ حالانکہ راہول گاندھی یو پی اے حکومت کے دس سالہ دور میں نہایت طاقتور شخصی تھے لیکن انہوں نے سپاہیوں کیلئے کبھی ایک لفظ تک نہیں کہا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گاندھی خاندان 40 سال سے زیادہ عرصہ تک اقتدار پر رہا لیکن اس نے سپاہیوں کیلئے کوئی فلاحی اقدامات نہیں کئے ۔