اقبال عبداللہ نے ممبئی کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا

ولساد۔2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپنر اقبال عبداللہ کی شاندار بولنگ کی بدولت ممبئی نے گجرات کے خلاف سنسنی خیز کامیابی حاصل کرتے ہوئے رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ اس مقابلہ کے نتیجہ کے بعد ممبئی کے جملہ نشانات کی تعداد 29ہوگئی جس کے ذریعہ وہ گروپ اے سے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی تیسری ٹیم ہے جیسا کہ کرناٹک 38 اور پنجاب 30نشانات کے ذریعہ پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ گجرات کے خلاف اپنی ٹیم ممبئی کو 27رنز کی کامیابی دلوانے میں اقبال عبداللہ نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے بولنگ کا آغاز کرتے ہوئے 19اوورس میں 44رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔گجرات کی ٹیم جو کہ دوسری اننگز میں کامیابی کیلئے 174رنز کا تعاقب کررہی تھی لیکن یہ ٹیم 56اوورس میں 147رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔

40مرتبہ کی چمپئنس ممبئی جس نے پہلی اننگز میں 154رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد گجرات کو 253رنز بنانے کا موقع دیتے ہوئے حریف ٹیم کو سبقت حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا تھا لیکن دوسری اننگز میں عبداللہ کے پانچ وکٹس اور ان کے ساتھی اسپنر وشال دھبولکر نے 19اوورس میں 33رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے کامیابی میں اپنا رول ادا کیا ۔گجرات کی آخری 6وکٹیں صرف 12رنز کے اضافہ کے بعد ہی گرگئی جس میں 11.2اوورس میں عبداللہ اور وشال نے حریف ٹیم کے نچلی صف کے بیٹسمینوں کو کافی پریشان کیا ۔ عبداللہ جنہوں نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا وہ پہلی اننگز میں بھی بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 25.2اوورس میں 42رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ۔ مجموعی طور پر عبداللہ نے اس مقابلہ میں 86رنز کے عوض 11کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ مقابلے کے آغاز سے قبل ممبئی کیلئے ناک آؤٹ مقابلہ میں رسائی انتہائی دشوار تھی جب کہ پہلی اننگز میں 154رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد اس کی امیدوںکو مزید نقصان پہنچا تھا لیکن دوسری اننگز میں عبداللہ کی بہترین بولنگ اور بیٹسمینوں کے ذمہ دارانہ مظاہروں نے اسے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا ہے ۔