اقامتی اسکولوں میں اردو تعلیم کا انتظام : بی شفیع اللہ

حیدرآباد۔/24 فبروری، ( سیاست نیوز) سکریٹری تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے آل انڈیا مسلم تھنک ٹینک اسوسی ایشن کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ انہوں نے اردو میڈیم اسکولوں کو انگلش میڈیم میں تبدیل کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسوسی ایشن کے صدر شمشاد قادری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بی شفیع اللہ نے وضاحت کی کہ 6 اردو اقامتی اسکولس کو تعلیمی سال 2008-09 میں جی او ایم ایس 32 مورخہ 22 فبروری 2008 کے ذریعہ انگلش میڈیم میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ تقریباً 8 برس سے یہ مدارس انگلش میڈیم میں کام کررہے ہیں۔ حکومت نے 2017-18 میں جی او ایم ایس 9 مورخہ 30مارچ 2017 کے ذریعہ ان اسکولوں کو اقامتی اسکول سوسائٹی کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کو اسکولس حوالے کرنے سے پہلے ہی ان کے میڈیم کو تبدیل کردیا گیا تھا۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ 206 اقامتی اسکولوں میں اردو تعلیم کا انتظام ہے بلکہ اردو اساتذہ کی جائیدادیں منظور کی گئیں۔ تمام اسکولوں میں اردو کو اختیاری مضمون قرار دیا گیا۔ تلگو اور انگلش میڈیم کے طلباء کیلئے اردو کورس شروع کیا گیا ہے۔