مدور میں منعقدہ تقریب سے کمشنر جوئیل ڈیوس کا خطاب
مدور ۔ /22 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمشنر آف پولیس سدی پیٹ مسٹر جوئیل ڈیوس نے آج ضلع سدی پیٹ کے عوام بالخصوص دیہی علاقوں میں مقیم شہریوں کو گزشتہ چند روز سے سماجی ذرائع ابلاغ میں تیزی کے ساتھ پھیلنے والے متعدد واقعات و بے بنیاد افواہوں بالخصوص مشتبہ چڈی گیانگ ، بہاری سارقین کی ٹولیوں سے متعلق جھوٹے و من گھڑت تشہیر پر دھیان نہ دیں بلکہ ہمہ وقت چوکس رہ کر کسی بھی قسم کے جرم کے ارتکاب ہونے سے بچانے کے لئے مقامی پولیس کو بروقت اطلاع دے کر اپنا ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔ وہ آج چیریال پولیس سرکل کے تحت موضع متیال میں مقامی معاونین کی جانب سے فراہم کردہ 70 سی سی کیمروں کو مختلف مقامات پر تنصیب کرواکر رسمی افتتاح انجام دے کر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ضلع سدی پیٹ کے مختلف منڈلوں کے مختلف واٹس اپ گروپس میں یہ جھوٹے و من گھڑت پیامات گشت کررہے ہیں کہ چڈی گیانگ و انسانوں کو کھانے والے خونخوار آدم خور چوروں کی بڑی تعداد ضلع سدی پیٹ پہنچکر مختلف مقامات پر روپوش ہوئی ہے جو کہ سراسر جھوٹ و بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے اس بات کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے ادعا کیا کہ ضلع کی پولیس کسی بھی چور و بچوں کے اغواء کرنے والی ٹولی و آدم خور کو پکڑنے و ہلاک کرنے کے لئے ہمہ وقت متعدد و تیار ہے ۔ کمشنر آف پولیس نے شہریوں کو اپنے رہائشی مکانات میں مکمل تفصیلات و شواہد کی تکمیل کے بعد ہی کرایہ پر اجنبیوں کو دینے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر سرپنچ پی ایلاریڈی ، معاون کمشنر مہیندر سرکل انسپکٹر رگھو کے علاوہ مقامی عوام کی بھاری تعداد موجود تھے ۔