افغان کرکٹ ٹیم کا مجوزہ دورۂ پاکستان منسوخ

لاہور ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں حالیہ دھماکے کے تناظر میں افغانستان کے مجوزہ ٹور پر جاری بات چیت وقتی طور پر منسوخ کردی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اگلے ماہ تین ونڈے میچوں اور ایک چار روزہ میچ کے سلسلے میں دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری تھی۔ تاہم یہاں قذافی اسٹیڈیم سے محض 15 منٹ کی دوری پر واقع اقبال پارک میں دھماکے اور اس میں 70 ہلاکتوں کے بعد دورے پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ مشہور کرکٹ ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق دورے پر رضامندی کی صورت میں یہ میچز 15 اپریل سے 8 مئی کے درمیان لاہور اور کراچی میں کھیلے جاتے۔ لاہور دھماکے کے بعد کی صورتحال کے بعد کینیا کی ویمنز ٹیم نے بھی دورۂ پاکستان منسوخ کردیا ہے، جہاں یہ دورہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ تھا۔ ’کرک انفو‘ کے مطابق ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان نے موجودہ حالات میں سیریز کے انعقاد کی مخالفت کی ہے۔ مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا انعقاد بند ہوا اور پاکستان کو اس وقت سے اب تک گزشتہ سال زمبابوے کے پاکستان ٹور کے سوا اپنے تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے پڑے ہیں۔ تاہم 2011ء میں افغانستان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم تھی جس نے پاکستان A کے خلاف سیریز کھیلی تھی۔ پاکستان نے گزشتہ سال اعلیٰ سکیورٹی انتظامات میں تین او ڈی آئیز اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے زمبابوے کی ٹیم کی میزبانی کی تھی لیکن اس کامیاب دورے کے باوجود مزید کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔