افغان ٹیم کے کپتان نے اپنا نام بدل لیا

کابل۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان اصغر استنک زئی نے حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باضابطہ طور پر اپنا نام اصغر استنک زئی سے تبدیل کرکے اصغر افغان رکھ لیا ہے۔افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ٹیم کے کپتان اصغر استنک زئی کے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے مطلع کیا ہے کہ اصغر نے ایسا صرف اپنے ملک کے لوگوں کو مل رہی قومی شناخت کی حمایت میں کیا ہے۔اصغر کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت باضابطہ طور پر لیا گیا جب وہ نئے الیکٹرانک قومی شناختی کارڈ کیلئے اپنا نام رجسٹرڈ کروانے گئے تھے۔واضح رہے کہ کارڈ افغان لوگوں کا الیکٹرانک شناختی کارڈ ہے جسے اسی سال مئی میں متعارف کیا گیا ہے۔افغان ٹیم کے 30 سالہ کپتان اصغر نے 86 ونڈے میچوں میں 1608 رنز بنائے ہیں جس میں ایک سنچری اور سات نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 54 ٹی 20 میں 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 963 رنز بنائے ہیں۔