کابل۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ ہندوستان کے خلاف مجوزہ تاریخی ٹسٹ میچ کے لئے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں راشد خان اور مجیب الرحمان سمیت 4 اسپنرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ برس افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹسٹ کھیلنے کا درجہ دیا تھا جہاں آئرش ٹیم پاکستان کے خلاف ٹسٹ کرئیر کا آغاز کر چکی ہے جبکہ افغانستانی ٹیم 14 جون کو ہندوستان کے خلاف ٹسٹ کیریئر کا آغاز کرے گی۔اس سے قبل افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 3 تا 7 جون کھیلی جائے گی اور افغان بورڈ نے دونوں سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔افغانستان کو ٹسٹ میچ میں تجربہ کار فاسٹ بولر دولت زدران کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ ٹسٹ اسکواڈ کپتان اصغر استنکزئی، جاوید احمدی، احسان اللہ، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، ناصرجمال، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، افسر زیزئی، محمد نبی، راشد خان، امیر حمزہ، سید شیرزاد، یامین احمدزئی، وفادار اور ظاہر شاہ پر مشتمل ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں کپتان اصغر استنکزئی، نجیب، عثمان غنی، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، شفیق اللہ، درویش رسولی، محمد نبی، راشد خان، گلبدین نائب، کریم جنت، شرف الدین اشرف، شاہ پور زدران اور آفتاب عالم شامل ہیں۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر وردھیمان ساہا کی فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ماہ افغانستان کے خلاف واحد ٹسٹ میچ میں شرکت غیر یقینی ہو گئی۔ساہا 25 مئی کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل کوالیفائر میچ کے دوران انگلی کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے مطابق میڈیکل بورڈ ساہا کے زخم کا جائزہ لے رہا ہے تاہم اس وقت ان کی افغانستان کے خلاف ٹسٹ میں شرکت کے بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔دوسری جانب بنگلہ دیش ٹیم بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہے اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان فٹنس مسائل کے باعث افغانستان کے خلاف ٹی20 سیریز سے باہر ہو گئے۔مستفیض الرحمان آئی پی ایل کے دوران زخمی ہوئے ہیںاور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر دیباشیش چوہدری کے مطابق اسکین سے معلوم ہوا ہے کہ مستفیض کو مکمل طور پر فٹ ہونے میں 3ہفتے لگیں گے۔