افغان ٹیم ، دو تین سال میں ٹسٹ کرکٹ کیلئے تیار

آئی پی ایل کے لئے رشید خاں اور محمد بن کا انتخاب حوصلہ افزاء، لال چند راجپوت
نئی دہلی ۔ /2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دو کرکٹرس کو آئی پی ایل کنٹراکٹ حاصل ہونے پر مسرور و مطمئین کوچ لال چند راجپوت نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ جنگ زدہ ملک کی ٹیم کے کھیل میں بتدریج بہتری ہورہی ہے ۔ اوراس بنیاد پر وہ آئندہ دو تا تین سال کے دوران ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہوجائے گی ۔ ہونہار رشید خاں اور آل راؤنڈر محمد بن کو فبروری کے ہراج کے دوران سن رائزرس حیدرآباد نے منتخب کرلیا ۔ افغان کرکٹ کے لئے یہ پہلا موقع ہے کہ آئی پی ایل میں اس کے کھلاڑی منتخب کئے گئے ہیں ۔ راجپوت نے کہا کہ ’’ان کھلاڑیوں کا آئی پی ایل کے کھیلنا نہ صرف ان دونوں کے لئے بلکہ سارے ملک کے لئے بہت بڑی بات ہے ۔کیونکہ اس سے افغان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی بہتر کھیل اور ترقی کیلئے ترغیب حاصل ہوگی ‘‘ راجپوت نے جو ہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنر بھی رہے ہیں مزید کہا کہ ’’یہ دونوں (رشید اور محمد بن) عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور کرکٹ دنیا کے چند نامور کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم میں بھی بہت کچھ سیکھیںگے اور نیا تجربہ حاصل ہوگا ۔‘‘