افغان لیگ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شمولیت ؟

کابل ۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کو جون میں ہندوستان کے خلاف تاریخ کا پہلا ٹسٹ کھیلنا ہے۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے افغان پریمیئر لیگ اس سال اکتوبر میں شارجہ میں کروانے کا اعلان کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں افغانستان بورڈ کے چیئرمین شکر اللہ عاطف مشعل نے کہا کہ 5 تا 24 اکتوبر مجوزہ ٹورنمنٹ پانچ فرنچائز ٹیموں پر مبنی ہوگا اور 5 تا 23 اکتوبر ہونے والے اس ٹورنمنٹ میں جملہ 24 میچ کھیلے جائیں گے اور پانچوں ٹیمیں ایک دوسرے سے دو مرتبہ کھیلیں گی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایونٹ میں 40 غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کرینگے۔ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو شفیق اللہ عصمت ستانکزئی نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے وہ کم سے کم نان کنٹریکٹ پلیئرز کو لیگ کیلئے این اوسی جاری کرے اور بی سی سی آئی نے اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے ہٹ کر کسی بھی دوسری لیگ میں شرکت سے روکا ہوا ہے ، افغانستان کے اس مطالبے پر مثبت رد عمل نہیں دیا ہے۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی اپنے قانون کو تبدیل نہیں کرے گا۔