افغان صدر کے دورہ آسٹریلیا پر زبردست احتجاج

کینبرا ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے دورہ پر آنے والے افغان صدر اشرف غنی کے خلاف سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہزارہ نسل کے لوگوں سے امتیازی سلوک روا رکھے جانے کا سلسلہ مسدود کیا جائے اور یہ مطالبہ بھی کیا کہ آسٹریلیا نے پناہ حاصل کرنے والے جن لوگوں کو مسترد کیا ہے انہیں بازآباد کیا جائے۔ احتجاجی گورنمنٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے تھے جہاں اشرف غنی نے گورنر جنرل پیٹر کاسگرو سے ملاقات کی تھی۔ یاد رہیکہ یہ کسی بھی افغان صدر کا پہلا دورہ آسٹریلیا ہے۔ دریں اثناء ہزارہ احتجاجی برات علی بتور نے کہا کہ افغانستان میں ہزارہ برادری کیلئے سیکوریٹی ایک مسئلہ بن گئی ہے اور افغان حکومت کے لئے بھی آسٹریلیا کی جانب سے پناہ کے حصول کو مسترد کرنے کے بعد ہزارہ برادری کی سیکوریٹی کسی چیلنج سے کم نہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ افغانستان نے آسٹریلیا کے ساتھ 2011ء میں ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے تھے جس کے تحت افغانستان کے ایسے افراد جو حصول پناہ کے خواہاں ہیں انہیں آسٹریلیا کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد دوبارہ قبول کرنا مفاہمت کی اہم ترین شق تھی۔