افغانستان کے خلاف ہندوستان 153 رنز سے فاتح

ایڈیلیڈ 10 فبروری( سیاست ڈاٹ کام)دورہ آسٹریلیا پر ہندوستانی ٹیم آج بالآخر پہلی فاتح حاصل کرنے کامیاب ہوئی ہے تاہم یہ کامیابی سے ورلڈ کپ 2015 کی کمزور تصور کی جانے والی افغانستان کی ٹیم کے خلاف حاصل ہوئی ہے جیسا کہ مہندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت قومی ٹیم نے افغانستان کو 153 رنز سے شکست دی۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور افغانستان کے خلاف بھی ہندوستانی ٹیم کا بہتر آغاز نہ ہوسکا جیسا کہ 7 کے مجموعی اسکور پر شکھر دھون اور 16 کے مجموعی اسکور پر وراٹ کوہلی پویلین لوٹ گئے ۔ دھون نے 8 گیندوں میں 4 رنز اور کوہلی نے 9 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے روہت شرما نے 122 گیندوں میں 12 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 150 رنز بنائے دیگر بیٹسمینوں میں سریش رائنا نے 71 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے ۔

اجنکیا رہانے نے 61 گیندوں میں 12 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں نا قابل تسخیر 88 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 364/5میں کلیدی رول ادا کیا ۔ ہندوستانی اوپنرس جہاں ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہیں کرپائے وہیں ہندوستانی بولروں کی ابتدائی جوڑی نے بھی کوئی خاطر خواہ مظاہرہ نہیں کیا جیسا کہ افغانستانی ٹیم نے پہلی وکٹ کیلئے 30 رنز دوسری وکٹ کیلئے 63 رنز اور تیسری وکٹ کیلئے 60 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ہے ۔ افغانستان کیلئے نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے نوروزمنگل نے 85 گیندوں میں 2 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 60 رنز اسکور کئے جبکہ نوجوان اوپنر عثمان غنی نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کے ہمراہ 44 رنز بنائے ۔ افغانستان ٹیم جس نے بہتر شروعات کی لیکن لوور آرڈر کی ناکامی کے بعد وہ 211/8 تک محدود رہی ۔ ہندوستان کے لئے موہت شرما نے 40 رنز اوررویندر جڈیجا نے 38 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ دیگر بولروں میں اومیش یادو ‘روی چندرن اشون اور سریش رائنا فی کس ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔