پریٹوریا۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سہ رخی اے ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے خاص کر ٹاپ آرڈر کے بیٹسمین کرون نائر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل کے شاندار مظاہروں کی بدولت اس نے افغانستان کو شکست دی۔ ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں کم اسکور کے باوجود منیش پانڈے کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو جنوبی آفریقہ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن دوسرے مقابلے میں قومی ٹیم نے کمزور حریف افغانستان کو 40.5 اوورس میں 149 رنز تک محدود رکھا جس میں اکشر پٹیل نے 6 اوورس کی بولنگ میں 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹاملناڈو کے آل راؤنڈر وجئے شنکر نے 7 اوورس میں 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہندوستان کیلئے لیگ اسپنر یوز ویندرا چہل نے اپنے 10 اوورس کا کوٹہ مکمل کیا جس میں انہوں نے 42 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کیلئے شرف الدین اشرف نے سب سے زیادہ 39 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں ہندوستانی ٹیم نے مطلوبہ نشانہ 30.4 اوورس میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناتے ہوئے حاصل کرلیا۔ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کرون نائر نے 83 گیندوں میں صبرآزما 57 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان پانڈے نے 52 گیندوں میں ناقابل تسخیر 41 رنز اسکور کئے۔ مذکورہ کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کیلئے 67 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ ہندوستان کے لئے شریاس ایئر 20 رنز بناکر اور سنجو سامسن 10 رنز بناکر جلد آؤٹ ہوئے۔ ریشپ پنت نے 10 گیندوں میں 17 رنز تیزی کے ساتھ اسکور کرتے ہوئے مقابلہ جلد ختم کردیا۔