پرتھ ، 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے افغانستان کو آج یہاں ورلڈ کپ پول A میچ میں 275 رنز سے شکست فاش دے دی۔ یہ آسٹریلیا کی سب سے بڑی جیت ہے، اور کوئی بھی ٹیم کیلئے کسی ورلڈ کپ مقابلے میں بھی بہترین کامیابی ہے۔ 418 کے ہمالیائی ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان والے پیس اٹیک سے نمٹ نہ سکے اور 37.3 اوورس میں 142 پر آل آؤٹ ہوگئے۔ مچل جانسن 4/22 کے ساتھ آسٹریلیائی بولروں میں نمایاں رہے۔ نوروز منگل (33) افغانستان کیلئے ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔ قبل ازیں محمد نبی نے ٹاس جیت کر مائیکل کلارک زیرقیادت آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کرنے کی حماقت کی۔ چنانچہ ڈیوڈ وارنر نے ناتجربہ کار افغان بولنگ اٹیک کی دھجیاں اڑاتے ہوئے شاندار 178 رنز بنائے جس کی مدد سے میزبان آسٹریلیا نے ورلڈ کپ میچ میں ریکارڈ 417/6 کا بہت بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کے 413/5 کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کسی ورلڈ کپ میچ کا اعظم ترین اسکور بنا دیا۔ وارنر کی 133 گیندوں کی اننگز اور اسٹیون اسمتھ کے 98 گیندوں میں 95 رنز کے بل بوتے پر آسٹریلیا نے دوسری وکٹ کیلئے ریکارڈ 260 رنز کی پارٹنرشپ درج کرائی۔ وارنر نے 19 چوکے اور پانچ چھکے لگائے جبکہ اسمتھ کی اننگز میں آٹھ باؤنڈریاں اور ایک چھکا شامل ہیں۔ اس رفاقت نے عمدہ پلیٹ فارم فراہم کیا جس کا بھرپور فائدہ گلن میکسویل نے اٹھایا۔ انھوں نے محض 39 گیندووں میں سنسنی خیز 88 رنز بنائے جو چھ باؤنڈریوں اور سات چھکوں سے مزین ہیں۔ تاہم وارنر کو اُن کی طویل اننگز کے پیش نظر بلاجھجک ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔