افغانستان کو زیادہ مواقع دے جائیں:عبدالقادر

کراچی۔30 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ ، نیو زی لینڈ ، انگلینڈ اور ہندوستان جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف میدان میں اتارنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ زمبابوے کے خلاف کھیلنے سے نوجوان کھلاڑیوں کو فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے آئی سی سی سے درخواست کی کہ وہ زمبابوے پر پابندی لگا کر افغانستان کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف حالیہ سیریز میں پاکستان نے جو بھی ریکارڈز بنائے وہ انہیں بالکل نہیں مانتے۔ عبدالقادر کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ونڈے سیریز میں غیر معیاری کرکٹ کھیلی گئی جسے دیکھنا تکلیف دہ تھا۔ میچوں میں صرف نئے ریکارڈ قائم ہوئے اور درجہ بندی کو بہتر کیا گیا۔اس لئے آئی سی سی کو چاہئے کہ وہ زمبابوے پر تین سال کیلئے پابندی عائد کرے اورکرکٹ زمبابوے پر ڈومیسٹک انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے دباؤ ڈالے جبکہ افغان ٹیم جو تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اسے ونڈے کرکٹ کھیلنے کا زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا جائے۔ ماضی میں ویسٹ انڈیز اورآسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیمیں دنیائے کرکٹ میں عزت کمانے کیلئے سخت محنت کرتی تھیں جبکہ زمبابوے کرکٹ کا حسن تباہ کر رہی ہے۔ اوسط درجے کے بولروں اور بیٹسمینوں کو نئے ورلڈ ریکارڈز قائم کرنے کا موقع مل رہا ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس طرح نوجوان کھلاڑیوں کی کرکٹ بہتر نہیں بلکہ تباہ ہو رہی ہے۔