کارڈیف۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء میں کل یہاں ایشاد کی 2 ٹیموں افغانستان اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ کھیلا جائے گا اور دونوں ہی ٹیمیں ٹورنمنٹ میں اپنی پہلی کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ ورلڈ کپ کے چوتھے مقابلے میں افغانستان نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف کسی قدر بہتر مظاہرہ کیا تھا جہاں اس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز بنائے تھے۔ تاہم ساری ٹیم 34.5 اوورس میں ہی ڈھیر ہوگئی تھی جس میں لوور آرڈر میں نجیب اللہ زردان نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ بولنگ میں بھی افغانستانی بولروں کا جادو نہ چل سکا تھا جبکہ اہم بولر راشد خان نے 8 اوورس میں 52 رنز دیکر صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ کل سری لنکا کے خلاف ہونے والے مقابلے میں افغانستان کو موجودہ فام کی بدولت سبقت حاصل ہوسکتی ہے کیونکہ اس نے وارم اپ مقابلے میں پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراری شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے مقابلے میں سری لنکائی ٹیم 29.2 اوورس میں ہی 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس میں کپتان کرونارتنے نے ناقابل تسخیر 52 رنز بنائے ورنہ ٹیم کی حالت مزید ابتر ہوتی۔ بیٹنگ کے تباہ ہونے کے بعد بولرس بھی کچھ مزاحمت نہیں کرپائے اور نیوزی لینڈ کے اونرس نے 16.1 اوورس میں 137/0 کا اسکور بناتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی تھی۔ سری لنکا کو کل افغانستان کے خلاف راشد مجیب الرحمن اور صمد بنی کی اسپینی بولنگ کا چیلنج رہے گا۔