افغانستان پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

کرائسٹ چرچ۔25 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے بیٹنگ اور بولنگ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان نیوزی لینڈ کو 202 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔یہاں آج کھیلے گئے میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے۔رحمان اللہ اور ابراہیم نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 117 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا، رحمان اللہ 69 اور ابراہیم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد عظمت اللہ اور باہر شاہ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کے موقف کو مزید مستحکم کیا۔ عظمت اللہ نے جارحانہ مظاہرہ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ باہر شاہ 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جواب میں خطاب کی مضبوط دعویدار ٹیموں میں سے ایک نیوزی لینڈ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 28.1 اوورز میں 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کلارک 38 اور فلپس 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔افغانستان کی جانب سے قیاس احمد اور مجیب نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے فی کس 4 وکٹیں لیں۔جارحانہ بیٹنگ کرنے پر عظمت اللہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔