بنگلورو ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے میڈل آرڈر بیٹسمین کرول نائر کو آج کپتان ویراٹ کوہلی کی جگہ انڈین ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو 14 تا 18 جون بنگلورو میں افغانستان کے خلاف واحد ٹسٹ کھیلے گی۔ اسے نیشنل سلکٹرس کا غیرمتوقع اقدام سمجھا جارہا ہے۔ اس تاریخی ٹسٹ میں ہندوستان کی قیادت اجنکیا رہانے کریں گے جبکہ معلنہ 15 رکنی اسکواڈ میں لگ بھگ تمام ٹسٹ ٹیم کے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔ 26 سالہ نائر ہندوستان کے ٹسٹ کرکٹ میں ویریندر سہواگ کے بعد ٹرپل سنچری بنانے والے دوسرے بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے اس رانجی سیزن میں کافی رنز بنائے ہیں۔ جون میں افغانستان کے خلاف ٹسٹ کے موقع پر کوہلی انگلش کاونٹی سروے کیلئے کھیل رہے ہوں گے۔ اسی لئے ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنا پڑا ہے۔ تاہم بیٹنگ اسٹار کوہلی ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچس کھیلیں گے۔ افغانستان کے خلاف واحد ٹسٹ کیلئے معلنہ انڈیا ایکسپرٹ کپتان رہانے کے علاوہ شکھر دھون، مرلی وجئے، کے ایل راہول، کرو نائر، وردھیمان ساہا (وکٹ کیپر)، آر اشون، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، اومیش یادو، محمد سمیع، ہاردک پانڈیا، ایشانت شرما شامل ہیں۔ آئرلینڈ کے خلاف دو میچ کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے ہندوستانی اسکواڈ ویراٹ کوہلی (کپتان) کے ساتھ ساتھ شکھر دھون ، روہت شرما، منیش پانڈے، ایم ایس دھونی (وکٹ کیپر) ، دنیش کارتک، وائی چاہل ، کلدیپ یادو، واشنگٹن سندر، بھونیشور کمار، جسپریت بھمرا شامل ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف تین میچ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور تین میچ کی ہی ونڈے سیریز کیلئے بھی ٹیم کا انتخاب ہوا ہے۔