افغانستان ٹسٹ کرکٹ میں بہتر مظاہرے کیلئے پُرعزم

کابل۔یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے بین الاقوامی کرکٹ میں تیزی سے اپنا مقام بنانے کے بعد اب ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ افغانستان اپنا پہلا ٹسٹ ہندوستان کے خلاف کھیلے گا اور اس تاریخی میچ کیلئے افغان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کو برطرف کرکے فل سمنز کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ راجپوت صرف تین ماہ تک ہی ذمہ داری انجام دے سکے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق ٹسٹ کرکٹر اور کوچ فل سمنز کو گذشتہ چند ماہ کے بعد انٹرویو کرکے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ وہ آٹھ جنوری کو دبئی میں ٹیم کا حصہ بن جائیں گے اورکام شروع کریں گے۔ جہاں ٹیم ان دنوں زمبابوے کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کی تیاری کررہی ہے۔ دونوں ممالک 5تا 19 جنوری کے دوران دو ٹی 20 ا ور پانچ ونڈے میچز کھیلیں گے۔ فل سمنز کو ویسٹ انڈیز ،زمبابوے اور آئرش ٹیموں کی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے نیز وہ گذشتہ برس افغان ٹیم کے مشیر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔ سمنز کو زمبابوے سیریز کے بعد ٹیم کو ورلڈکپ کوالیفائنگ رائونڈ اور پھر ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میچ کا چیلنج درپیش ہوگا لیکن اس تاریخی ٹسٹ کی تاریخ اور مقام کا تعین ابھی نہیں ہوا ہے۔ سمنز کے بارے میں افغان بورڈ نے کہا ہے کہ فل سمنز ہماری ٹیم کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ وہ ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کی کوچنگ کرچکے ہیں اور ہمیں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ان تینوں سے مقابلہ کرنا ہے۔راشد خان کی زیر قیادت ایک عمدہ بولنگ اور جیت کے جذبے کی حامل افغان ٹیم کو مستقبل قریب میں کرکٹ کی ایک بڑی طاقت کے روپ میں دیکھنے کی پیش قیاسی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔ونڈے اور ٹی20 میں تسلسل سے عمدہ کارکردگی کی بدولت جنگ سے متاثرہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے دیگر ٹیموں کی نسبت بہت جلد آئی سی سی کی ٹسٹ رکنیت حاصل کر لی اور ماہرین کے مطابق یہ ٹیم جلد ہی دنیا کی تمام ٹیموں کیلئے ایک مشکل حریف بن جائے گی۔