افغانستان نے پاکستان کو ورام اَپ مقابلے میں شکست دی

برسٹل ۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا راز فاش کردیا۔ برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 47رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن 65 کے اسکور تک پاکستانی ٹیم 3وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔ محمد حفیظ اور بابر اعظم نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی کہ 100 کے اسکور پر حفیظ بھی پویلین لوٹ گئے۔4 وکٹیں گرنے کے بعد بابرکا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 103رنز کی شراکت قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شعیب 44رنز بنانے کے بعد محمد نبی کی تیسری وکٹ بن گئے۔ کپتان سرفراز احمد کی اننگز بھی صرف 13رنز تک محدود رہی جبکہ بابر 112رنز بناکر آؤٹ ہوئے پاکستان کے بڑا مجموعہ کرنے کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں۔ لوورآرڈر اسکور میں کچھ خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم 13گیندوں قبل ہی 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے تین جبکہ راشد خان اور دولت زدران نے دو، دو وکٹیں لیں۔ افغان اوپنرز حضرت اللہ زازئی نے محمد شہزاد کے ساتھ اپنی ٹیم کو51 رنزکا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس دوران زازئی نے شاہین شاہ آفریدی کے ایک اوور میں 5 چوکے لگائے۔افغانستان کی پہلی وکٹ 80 رنزپر گری جب حضرت اللہ پویلین لوٹے جبکہ 119 کے اسکور پر رحمت شاہ وہاب کی وکٹ بن گئے۔ اس موقع پر سمیع اللہ شنواری اور حشمت اللہ شاہدی نے49 رنزکی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا، سمیع اللہ 22 رنز بنا کر عماد کا شکار بنے جبکہ اصغر افغان کی اننگز کا خاتمہ بھی عماد کے ہاتھوں ہوا۔ اس موقع پر امید تھی کہ پاکستانی ٹیم میچ میں واپس آنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن محمد نبی اور حشمت اللہ پاکستانی بولروں کے خلاف ڈٹ گئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے66 رنزکی عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر نوجوان محمد حسنین نے محمد نبی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اگلے اوور میں وہاب ریاض نے یکے بعد دیگرے حریف کپتان گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران کو آؤٹ کر کے پاکستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش بھی رائیگاں گئی اور افغانستان نے آخری اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔