افغانستان نے بنگلہ دیش کا وائیٹ واش کردیا

دہرادون ۔8 جون(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے کامیابی حاصل کر کے بنگلہ دیش کو کلین سویپ کر دیا ہے۔تیسرے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 6 وکٹوں پر 145 رنز بنائے۔ سمیع اللہ شنوایر 33 پر ناٹ آئوٹ رہے۔ اصغر سٹینگزئی 27 اور محمد شہزاد نے 26 اسکور کیا۔ بنگلہ دیش کے ناظم الاسلام اور ابوجیاد نے فی کس دو وکٹ لئے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 6 وکٹوں پر 144رنز بنا سکی۔ مشفق الرحیم 46 اور محمود اللہ نے 45 رنز بنائے۔ افغانستان کے مجیب الرحمن، کریم جنت اور راشد خان نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلہ دیش کو آخری اوور میں کامیابی کے لئے 9 رنز درکار تھے اور وکٹ پر مشفق الرحیم اور محمود اللہ موجود تھے لیکن راشد خان نے پہلی گیند پر مشفق الرحیم کو آوٹ کرنے کے علاوہ اپنی ٹیم کا ایک رن کی سننسی خیز کامیابی سے ہمکنار کیا۔ مشفق الرحیم میچ اور راشد خان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔