افغانستان نے آئرلینڈ کو پہلے ونڈے میں شکست دی

بلفاسٹ۔28اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے آئرلینڈ کو ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔بلفاسٹ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔افغان ٹیم کی جانب سے سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا تاہم گلبدین نائب اور حشمت اللہ شاہدی کی ذمہ دارنہ کارکردگی کے باعث معقول اسکور بنایا گیا۔افغانستان کی جانب سے ابتدائی دو وکٹیں 25 رنز پر گر گئی تھیں جس کے بعد گلبدین نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر اسکور کو 78 رنز تک پہنچا دیا تاہم رحمت شاہ 29 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔گلبدین نے چوتھی وکٹ میں حشمت اللہ شاہدی سے شراکت کی اور اسکور کو 155 رنز تک پہنچایا اور 64 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلنے کے بعد رینکن کی وکٹ بن گئے۔افغانستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 227 رنز بنائے۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کا آغازبھی مایوس کن تھا اور دونوں تجربہ کار اوپنرز 35 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد بالبرینی نے 55 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا لیکن وہ ناکافی ثابت ہوا۔آئرلینڈ کے تجربہ کار نیل اوبرائن اورکے اوبرائن بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور بالترتیب 11 اور 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔گیری ولسن 38 رنز بنا کر دوسرے نمایاں رہے جنھیں راشد خان نے آؤٹ کیا۔آئرلینڈ کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور اسے سیریز کے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔افغانستان کی جانب سے آفتاب عالم، محمد نبی اور راشد خان نے فی کس2 وکٹیں حاصل کیں۔