کابل ۔6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں سال 2016ء میں سب سے زیادہ شہری ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، اقوام متحدہ نے آج اس انکشاف کے ساتھ بتایا کہ تقریباً 11500 غیرجنگجو افغانی ہلاک یا زخمی ہوگئے جن میں ایک تہائی تعداد بچوں کی رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ افغان سیکوریٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان بالخصوص گنجان آبادی والے علاقوں میں لڑائی زائد از دو سال سے بدستور شہری ہلاکتوں کا بڑا سبب بنی ہوئی ہے حالانکہ نیٹو کا مشن اختتام پذیر ہوگیا۔ اقوام متحدہ نے 2009ء سے عام شہریوں کی ہلاکتوں کا ریکارڈ رکھنا شروع کیا تھا۔ مہلوکین میں3500 سے زیادہ بچے رہے اور اس تعداد میں ایک سال میں 24 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ یو این رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ مجموعی ہلاکتوں میں 66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ افغانستان سے متعلق یو این مشن نے کہا کہ 2016ء میں فضائی حملوں سے 590 افغانی متاثر ہوئے جن میں 250 ہلاک ہوگئے۔