افغانستان میں رائے دہندوں کے رجسٹریشن کی مدت میں توسیع

کابل ۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں 20 اکٹوبرکو انتخابات منعقد شدنی ہیں جس کیلئے رائے دہندوں کے رجسٹریشن کا کام زوروشور سے جاری ہے جس کی تاریخ میں اب ایک بار پھر توسیع کی گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں انتخابات سے مربوط تشدد میں سینکڑوں شہری ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ یاد رہیکہ تاخیر کا شکار پارلیمانی اور ڈسٹرکٹ کونسل انتخابات کیلئے رجسٹریشن کا آغاز 14 اپریل سے کیا گیا تھا جبکہ اس کا اختتام جون کے وسط میں ہونے والا تھا۔ دریں اثناء انڈپنڈنٹ الیکشن کمیشن (IEC) کے ترجمان نے بتایا کہ جمعرات تک صرف 1.5 ملین بالغ ووٹرس کا رجسٹریشن مکمل ہوا ہے جو 14 ملین والی آبادی کے مقابلے بیحد قلیل تعداد ہے اور اب دو ماہ کے اندر ان تمام کا رجسٹریشن مشکل نظر آتا ہے لہٰذا اس میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ تشدد میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ لہٰذا حکومت اس موقع پر کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی۔ اسی لئے سست رفتار ہی سہی، رجسٹریشن کے کام کو مزید توسیع دی گئی ہے۔