افغانستان میں دھماکہ ۔ 13 ہلاک 31 زخمی

کابل 11 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان میں ایک سرکاری وزارت کو نشانہ بناتے ہوئے کئے گئے خود کش حملہ میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 31 دوسرے زخمی ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ محکمہ دیہی باز آبادکاری و ترقیات کابل کے ورکرس رمضان کی وجہ سے دفتر سے جلد روانہ ہوئے تھے اور وہ ایک بس کے منتظر تھے کہ یہ دھماکہ ہوا ۔ آئی ایس گروپ نے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ چند دن قبل ہی طالبان نے پہلی مرتبہ حکومت کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا ۔ یہ جنگ بندی عیدالفطر کے تین دن تک جاری رہے گی ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ طالبان سے جنگ بندی کے باوجود دوسرے گروپس جیسے آ:ی ایس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی ۔ اس کے علاوہ پیر کو صوبائی محکمہ تعلیم کی عمارت میں جلال آباد شہر میں ہوئے دھماکہ میں 10 افراد زخمی ہوئے تھے ۔ دھماکہ کی کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔