کابل۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) طالبان کے ایک خودکش بم بردار نے 16 افراد بشمول 10 شہریوں اور 4 ناٹو فوجیوں کو مشرقی افغانستان میں ہلاک کردیا۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب غیرملکی فوجی شورش پسندوں کے خلاف اپنی جنگ ختم کررہے ہیں۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ایک خودکش بم بردار نے خود کو دھماکہ سے اُڑا لیا۔ یہ واقعہ ناٹو کی صوبہ پروان میں طلایہ گردی کے دوران پیش آیا۔ یہ حملہ ملک کے سیاسی بحران کو داغدار کرتا ہے جبکہ صدارتی امیدواروں نے ایک دوسرے پر انتخابی بدعنوانیوں کے الزامات عائد کئے ہیں۔ 4 ناٹو فوجی دشمن کی فوجوں کے حملے میں ہلاک ہوگئے ناٹو کی جانب سے مہلوکین کی قومیت کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ پروان کے گورنر کے ترجمان وحید صدیقی نے کہا کہ مہلوکین میں 10شہری، 2 ملازمین پولیس اور 4 ناٹو فوجی شامل ہیں۔ تقریباً 50,000 ناٹو فوجی ہنوز افغانستان میں تعینات ہیں، ان کی تعداد 2011ء میں دیڑھ لاکھ تھی۔ ناٹو جاریہ سال کے ختم پر افغانستان کا تخلیہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔