افغانستان میں ایک پولیس اہلکار نے آٹھ ساتھیوں کو گولی ماردی

کابل ۔3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے شمالی صوبہ فریاب میں ایک پولیس اہلکار نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنے آٹھ ساتھی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران مشرقی افغانستان میں ایک بندوق بردار نے ایک عالم دین اور ان کی بیوی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ صوبائی پولیس کے ترجمان عبدالکریم یوریش نے کہا کہ صوبہ فریاب کے ضلع المار میں ایک تلاشی چوکی پر ملازمین پولیس محوخواب تھے کہ ڈیوٹی پر تعینات ان کے ایک ساتھی نے رات دیر گئے اندھادھند فائرنگ میں اپنے آٹھ ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بعدازاں ان کے تمام اسلحہ لیکر فرار ہوگیا جو شبہ کیا جاتا ہیکہ طالبان میں شامل ہوگیا ہے۔ مشرقی صوبہ کلکتہ کے ضلع یوسف خیل میں ایک بندوق بردار نے ایک عالم دین اور ان کی بیوی کو گھر میں گھس کر گولی مار دی۔ صوبہ ننگنھار میں داعش کے عسکریت پسندوں نے ایک سیکوریٹی چوکی پر حملہ کے دوران ایک پولیس افسر کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔