افغانستان اور یو اے ای کی ٹیموں کو آئی سی سی کی ٹریننگ

دبئی ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہیکہ 2015 کرکٹ ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرنے والی چار ٹیمیں ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں تربیت حاصل کریں گی۔ اس ضمن میں وہ رواں سال ستمبر ؍ اکتوبر میں ان ممالک کا دورہ کریں گی جہاں ان کو تربیت فراہم کرنے کے لئے آئی سی سی مدد فراہم کرے گی۔ اگلے برس 14 فروری تا 29 مارچ تک کھیلے جانے والے کرکٹ کے عالمی ورلڈ کپ کے لئے افغانستان، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور یو اے ای ٹیموں کی کوالیفائی کیا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورہ کے دوران یہ ٹیمیں ان ممالک کی ڈومیسٹک ٹیموں کے ساتھ مقابلے کھیلیں گی۔ علاوہ ازیں اس دوران ان ممالک کے سابق کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سابق کرکٹرز ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کو کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اپنے قیمتی مشوروں سے مستفید کریں گے۔ خیال رہے کہ 2015 کا کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائیگا۔ اس ورلڈ کپ کی میزبانی دونوں ممالک کے 14 شہروں کو دی گئی ہے۔