میرپور۔ 3؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایشیاء کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی افغانستان کرکٹ ٹیم کے مظاہرے مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے، جیسا کہ اس نے اِن فارم ٹیم سری لنکا کو 253 رنز تک محدود رکھا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور شاندار فارم میں چل رہے اپنے سینئر کھلاڑی کمارا سنگاکارا کی نصف سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز اسکور کئے ہیں، جیسا کہ سنگاکارا اگر نصف سنچری اسکور میں ناکام ہوتے تو سری لنکا کی حالت مزید نازک ہوتی۔ سنگاکارا نے 102 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکہ کی مدد سے 76 رنز اسکور کئے جب کہ کپتان اینجلو میتھیوز 41 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 45 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 250 سے زائد تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کیا۔ افغانستانی ٹیم کے بولروں نے پھر ایک مرتبہ شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ وقفہ وقفہ سے سری لنکائی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کھل کر رنز بنانے کا موقع فراہم نہیں کیا۔ اوپنرس کوشال پریرا اور تھریمانے پہلی وکٹ کے لئے بہتر شروعات فراہم نہیں کرپائے اور 14 رنز کے مجموعی اسکور پر تھریمانے 5 رنز بناکر شاہپور زدران کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پریرا کو 33 رنز پر میر واعظ اشرف نے بولڈ کیا۔ جئے وردھنے 14 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 14، چندیمل سُست رفتار 26 اور ڈی سلوا 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تھسارا پریرا نے 23 گیندوں میں اپنی فطرت کے برعکس صرف 19 رنز اسکور کئے۔ افغانستان کے لئے میر واعظ نے 8 اوورس میں 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر بولروں میں شاہپور زدران نے 9 اوورس میں 46 رنز، دولت زدران 9.2 اوورس میں 60 رنز اور حمزہ ہتوک نے 7 اوورس میں 43 رنز دے کر فی کس ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ سنگاکارا کو افغانستانی کھلاڑیوں نے بہترین فیلڈنگ کے ذریعہ رن آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغانستان نے ٹسٹ کھیلنے والی ٹیم کے خلاف پہلی بین الاقوامی کامیابی حاصل کی ہے جس سے اس کے بولروں کے حوصلے مزید بلند ہوچکے ہیں۔