جوہانسبرگ 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم جاریہ ہفتے ورلڈ کپ کیلئے روانہ ہوگئی ۔ اس ٹیم نے حالیہ وقتوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور ہزاروں شائقین نے اسے وداع کیا تھا تاہم اس ٹیم کیلئے کسی بونس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اگر وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے فاتح واپس ہوتی ہے ۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے چیف ایگزیکیٹیو ہارون لورگت نے ایک اخبار کو بتایا کہ 14 فبروری سے شروع ہو رہے ورلڈ کپ میں اگر افریقہ کی ٹیم فاتح ہوتی ہے تو اس کیلئے کسی بونس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر افریقی ٹیم بہتر مظاہرہ کرتی ہے اور غیر مفتوح واپس آتی ہے تو پھر اسے تقریبا 4 ملین ڈالرس کی انعامی رقم حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی غیر واجبی آمدنی نہیں ہے تاہم ہمارا احساس ہے کہ اپنے ملک کیلئے ورلڈ کپ میں کھیلنا ہی جنوبی افریقی کھلاڑیوں کیلئے اولین ترجیح ہوگی ۔ اپنے ملک کیلئے ورلڈ کپ جیتنا ان کیلئے بہترین احساس ہوسکتا ہے ایسے میں بونس کی کوئی اہمیت نہیں رہ جاتی ۔ لورگت نے اے بی ڈی ولئیرس کی قیادت والی ٹیم کیلئے اضافی انعامات کا امکان مسترد نہیں کیا ہے اگر وہ فاتح رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی کے تعلق سے اتنے پرجوش نہیں تھے جتنے اب ہیں کیونکہ اب ٹیم کامیابی حاصل کرنے کی اہل ہے ۔