افریقی ملک گنی کے صدر کو مسلسل چھٹویں بار انتخابات میں کامیابی

ایکویٹوریل گنی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹیوڈورو اوبلانگ گیوما نے کسی بھی انتخابات میں 97 فیصد سے کم ووٹس کبھی حاصل نہیں کئے۔ پیر کے روز جو جزوی نتائج سامنے آئے ہیں ان کے مطابق 99.2 فیصد ووٹس ٹیوڈورو کی تائید میں ڈالے گئے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوجاتا ہیکہ وہ مزید سات برس کی میعاد کیلئے حکومت کریں گے۔ ٹیوڈورو ایک ایسی شخصیت ہیں جو افریقہ کے تیل پیدا کرنے والے تیسرے سب سے بڑے ملک کے سربراہ ہیں۔ ان پر یہ الزامات بھی عائد کئے جاتے ہیں کہ انہوں نے اپنے 37 سالہ طویل دورحکومت میں تیل کی دولت سے خوب فائدہ اٹھایا۔ افریقی ممالک کی یہ خصوصیت ہے کہ ان میں ایک چھٹویں ملک کے سربراہ 20 سال سے زائد اقتدار پر جمے رہے اوبلانگ نے بھی ایک خونیں بغاوت میں 37 سال قبل ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ ان کے ساتھ زمبابوے کے رابرٹ موگابے، ایریٹریا کے اسائس افویکی اور سوازی لینڈ کے کنگ سواتی سوم کے نام بھی قابل ذکر ہیں۔