افریقی شہریوں پر حملوں کی تفتیش جاری:حکومت

نئی دہلی، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج لوک سبھا میں کہا کہ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں افریقی شہریوں پر حالیہ حملوں کے معاملے کی جانچ چل رہی ہے اور اس کی رپورٹ آنے کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔ کانگریس کے راجیو ساتو کی طرف سے آج وقفہ صفر کے دوران افریقی شہریوں پر حملے کا معاملہ اٹھائے جانے پر پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے ان حملوں کو بدقسمتی قرار دیا۔ وزیر موصوف نے ایوان کو بتایا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے ان حملوں پر اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے بات کی ہے ۔ وزیر اعلی نے بتایا ہے کہ اترپردیش پولس ان معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ جانچ کی رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کی رپورٹ آنے پر پانچ اپریل کو پارلیمنٹ کی اگلی میٹنگ میں محترمہ سوراج اس موضوع پر بیان دیں گی۔