افریقی حکام نے 10ملین ڈالرس کی منظوری دی تھی

جوہانسبرگ۔6جون ( سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کو ایک نئے دباؤ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جیسا کہ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوبی افریقی حکومت کے اعلیٰ حکام نے 10ملین امریکی ڈالرس کی منظوری دی تھی اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ امریکی محققین اسے2010ء ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق کیلئے منظور کی جانے والی رشوت کی رقم ہے ۔ اس وقت کے صدر تھابومیکی اور وزیر خارجہ نکوسازانا دلا مینی زوما نے یہ رقم منظور کی تھی۔ رپورٹ میں اس رقم کی منظوری کے متعلق سوال اٹھائے جارہے ہیں حالانکہ افریقی حکام نے کہا ہے کہ یہ رقم کریبین میں ترقیاتی پراجکٹ کیلئے منظور کئے گئے تھے ۔ واضح رہے فیفا میں ان دنوں بدعنوانیوں کے متعلق امریکی حکام کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔