جوہانسبرگ۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر لونوابو ٹسوٹسوبے اطلاعات کے مطابق میچ فکسنگ کے الزام پر زیر تفیتش ہیں جہاں ایک سابق کرکٹر پر 20 سال کی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ٹیسوٹسوبے نے ’وزڈن انڈیا‘ کو بتایا کہ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد اپنے بینک اکاؤنٹ اور موبائل فون ان کے حوالے کردیئے ہیں۔ویب سائٹ نے ٹیسوٹسوبے کے الفاظ کو یوں نقل کیا ہے’میں انھیں وہ سب کچھ دے چکا ہوں جو وہ چاہتے تھے… انھوں نے کہا ہے کہ وہ مجھے واپس کردیں گے‘۔واضح رہے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز غلام بوڈی کو کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کیلئے اُکسانے کے اعتراف کے بعد پابندی عائد کردی گئی تھی۔جنوبی افریقی میڈیا کو ملنے والے دستاویزت میں غلام بوڈی کے 8 کھلاڑیوں سے روابط کا انکشاف ہواتھا۔ٹیسوٹسوبے نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 5 ٹسٹ میچ کھیل کر 9 اور 61 ون ڈے میچوں میں 94 وکٹیں حاصل کی ہیں۔