نئی دہلی ۔ 26 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے آج افراط زر اور ٹرین کرایہ میں اضافہ کی بناء پر آج مرکزی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور اضافہ شدہ کرایہ سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ اروند کجریوال نے مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ گیاس کی قیمتوں میں امکانی اضافہ کے فیصلے پر بھی دوبارہ غور کرلیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل نریندر مودی نے ملک کے عوام کو تیقن دیا تھا کہ برسراقتدار آنے کے بعد وہ قیمتوں اور کرپشن میں کمی کریں گے ۔ تاہم گزشتہ ایک ماہ سے قیمتوں میں کمی اور کرپشن کو کچلنے کے اقدامات کے بجائے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے جس پر عوام برہم ہیں۔ انھوں نے نریندر مودی کے نام اپنے مکتوب میں کہاکہ دیکھا جارہا ہے کہ آپ کی حکومت کرپشن کا خاتمہ کئے بغیر مسلسل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرتی جارہی ہے ۔ اس سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ حاصل ہونے والی اضافی رقم افراط زر کی وجہ بنے گی ۔ انھوں نے کہا کہ ٹرین کرایہ میں اضافہ کے بجائے بہتر سہولتیں فراہم کی جانی چاہئے ۔ حکومت کو نظام سے کرپشن کے خاتمہ کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ حکومت کی منطق یہ ہے کہ بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ لیکن اس دلیل کو ہم کیسے قبول کرسکتے ہیں۔ ہر حکومت قیمت میں اضافہ کیلئے یہی ناقص دلیل دیتی ہے ۔