یروشلم ۔ 22جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی فوج نے کہا کہ فوجیوں نے ایک فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور ایک فلسطینی طبی عہدیدار نے کہا کہ ایک اور شخص ہلاک کیا گیا ہے ۔ جب کہ اسرائیلی فوج3لاپتہ اسرائیلی نوجوانوں کی تلاش ہنوز جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسلامی عسکریت پسند گروپ حماس کا صفایا کرنا چاہتی ہے ۔ اسرائیلی فوج کے بموجب نبلوس کے علاقہ میں ایک شخص نے فوجیوں سے دھمکی دینے کے انداز میں ربط پیدا کیا جس پر اسرائیلی فوجیوں نے انتباہی فائرنگ کی لیکن وہ شخص واپس نہیں ہوا جس پر اسے گولی مار دی گئی ۔ مبینہ طور پر وہ فلسطینی تھا جس کا ذہنی توازن بگڑ گیا تھا ۔ فلسطینی ہسپتال کے عہدیدار احمد بتاوی نے کہا کہ ایک فلسطینی شخص کو شہر رملہ میں بھی فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا ۔ قبل ازیں فلسطینیوں کی اسرائیلی فوجیوں اور اس کے بعد فلسطینی پولیس سے جھڑپ ہوگئی ۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا اسرائیلی یا فلسطینی فوجوں نے انہیں ہلاک کردیا ۔ غزہ پٹی میں اسرائیل نے اُس پر راکٹ حملوں کے بعد عسکریت پسندوں کے چار ٹھکانوں کو حملوں کا نشانہ بنایا ۔