اغواء کاروں کی فائرنگ میں ایک سیکوریٹی جوان ہلاک

ریاض۔15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی پولیس نے بتایا کہ ایک بندوق بردار کے ذریعہ اغواء کئے گئے تین مزدوروں کو ان کے شکنجے سے آزاد کرنے کی کوشش میں سیکوریٹی فورسیس کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔ ریاض پولیس کی جانب سے سعودی پریس کو جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ایک مسلح حملہ آور نے تین مزدوروں کو ایک مسجد کے قریب بندوق سے ڈرا دھمکا کر ان کا اغواء کرلیا۔ جس وقت پولیس نے ان کا محاصرہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کردی۔ پولیس نے بتایا کہ مغویہ مزدوروں کو بالآخر آزاد کروا لیا گیا۔ سیکوریٹی فورسیس کے ایک جوان کی ہلاکت کے علاوہ ایک عام شہری اور سیکوریٹی فورسیس کا ہی ایک اور جوان زخمی بھی ہوئے۔ سعودی عرب میں اس نوعیت کے واقعات سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ دولت اسلامیہ کے خلاف مشترکہ لڑائی میں سعودی عرب بھی شامل ہے اور حملے دراصل لڑائی میں سعودی عرب کی شرکت کے ردعمل کے طور پر کئے جارہے ہیں۔