اغواء معاملہ میں 7 افراد بشمول بیوی گرفتار

حیدرآباد /30 مئی ( سیاست نیوز ) آپسی مخاصمت کے نتیجہ میں ایک شخص کو اغواء کئے جانے کے معاملہ میں عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 7 اغواء کنندگان بشمول بیوی کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر عثمانیہ یونیورسٹی مسٹر وی اشوک ریڈی نے بتایا کہ آج صبح 5.45 کو پولیس کنٹرول روم سے ایک شکایت درج کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ 30 سالہ بی کملاکر کو نامعلوم افراد نے یونیورسٹی کمان کے قریب سے اغواء کرلیا ۔ شکایت موصول ہونے پر پولیس فوری حرکت میں آگئی اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے اغواء کنندگان کی کار کا پتہ لگاتے ہوئے ان کی فی الفور پتہ لگالیا گیا اور مغویہ شخص کو ان کے چنگل سے بچالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی کملاکر کے سسرالی رشتہ داروں نے یہ کارستانی انجام دی تھی ۔ پولیس نے تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فروری سال 2015 میں کملاکر کی شادی اومادیوی سے ہوئی تھی اور شادی کے بعد سے ہی دونوں کے درمیان جھگڑے ہونے لگے جس کے نتیجہ میں دونوں نے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ اپنے بہنوئی سے انتقام لینے کیلئے اوما دیوی کے بھائی 24 سالہ کے ناگراج نے اپنے دیگر ساتھیوں ٹی چندو ، اے پراوین ، جی نریش ، کے سرینواس ، سی بھارگو اور بی اومادیوی کی مدد سے کملاکر کا اس وقت اغواء کرلیا گیا جب وہ یونیورسٹی کیمپس میں چہل قدمی میں مصروف تھا ۔ اغواء کرنے کے بعد کملاکر کو اغواء کنندگان نے شدید زدوکوب کیا اور اسے ان کے آبائی مقام منچریال منتقل کیا ۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے اغواء میں استعمال کی گئی کار اور چھ موبائیل فونس برآمد کرلئے ۔