مسجد حسینی دارالعلوم میں مولانا محمد صلاح الدین حسامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /4 مئی (راست) قرآن مجید اللہ کی عظیم کتاب ہے، دنیا میںسب سے پہلے چھوٹ جانے والی چیز مال و دولت ہے ۔ دنیا کی کوئی چیز انسان کے ساتھ نہیں جائے گی ۔ صرف اعمال صالحہ ساتھ جائیں گے ۔ علم دین کے حصول کے طلب کی فکر کرنا ہے ۔ اللہ اس کی روزی کے ذمہ دار ہوجاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد صلاح الدین حسامی استاذ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد نے مسجد حسینی احاطہ دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی بالا نگر حیدرآباد میں منعقدہ طلباء کے خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری بانی و مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ انہوں نے کہا کل قیامت میں قرآن پاک بہترین اعمال کی شکل میں آئے گا جو روزانہ قرآن تلاوت کا اور اس کے پڑھنے پڑھانے اور اس پر عمل کرنے کا اہتمام کرتے تھے ۔ طلباء عزیز اس علم کے حصول کی توفیق کو سعادت سمجھیں اور اس کی قدر کریں اس علم کے حصول میں جو تکلیفیں اور مشقتیں برداشت کریں گے اللہ اس کو اجر عظیم عطا فرمائیں گے ۔ حافظ عبدالرشید رحمانی ناظم منہاج العلوم تالاب کٹہ نے طلباء کو اپنے اساتذہ اور کتابوں اور ریحال جس پر قرآن رکھ کر پڑھا جاتا ہے اس کا ادب کرنے کی تلقین کی اور اس ادارہ کے بانی و مہتمم مولانا محمد ذکی راہی کی حسن کارکردگی اور ادارہ کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے کی ستائش کی ۔ حافظ غلام کبریا فیضی سیوانگری نے دارالعلوم ہذا کی تعلیمی و تربیتی ترقی پر طمانیت کا اظہار کیا ۔ اس کے نظم و نسق اور اساتذہ کرام کی خدمات کو سراہا ۔ حافظ محمد تقی الدین حسامی سیوانگری نگراں کار مدرسہ ہذا نے مہمانوں کا تعارف کروایا اور نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ اس موقع پر طلباء و طالبات اساتذہ و معلمات کے علاوہ مقامی احباب جن میں قابل ذکر حافظ غلام یحیٰی خان سبیلی حافظ عبدالحق سبیلی مفتی عبدالشکور القاسمی حافظ محمد تنویر احمد منہاجی ، شیخ یونس الدین صدر مسجد عمر فاروق ، محمد شاکر بھائی فیان کمپنی ، حافظ عبدالصمد ابراہیمی ، حافظ مسرور احمد ہیں ۔ مولانا حسامی کی دعاء پر اختتام ہوا ۔