منااکھیلی:12جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت ا علیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے ہر وہ سہولت فراہم کر رہی ہے جس کی ضرورت ہے تاکہ ایک طالب علم بھی تعلیم سے محروم نہ ہو۔ یہ بات وزیر مال مسٹر سرینواس پرساد نے بیدر کے جھرہ فنکشن ہال میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی میں امتحانات میں اول نمبر پر آنے والے طلباء کے لئے منعقدہ تہنیتی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت طلباء کو اول سے لیکر دسویں جماعت تک ڈریس ، کتابیں دوپہر کے کھانے کے ساتھ ساتھ دودھ فراہم کررہی ہے تاکہ طلباء کو ہر وہ سہولت فراہم ہو ۔ آج ضلع انتظامیہ بیدرکی جانب سے طلباء کو تہنیت پیش کرنے کا پروگرام رکھا گیا اس سے طلباء کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔ بیدر ضلع ایک پسماندہ ضلع ہے یہاں کے سرکاری ہاسٹلس کے طلباء نے ایس ایس ایل سی اور پی یوسی میں اچھے نتائج لائے ہیں ان کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ ان طلباء نے بیدر ضلع کا نام روشن کیا ہے ۔ اس موقع پر ہمناآباد کے ایم ایل اے راج شیکھر پاٹل ، ڈپٹی کمشنر بیدر جناب ڈاکٹر پی سی جعفر ، ڈی ایف اُو سنیل پنوار اوردیگر عہدیداران موجود تھے ۔