جگتیال /29 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعلیمی میدان میں مسلمانوں کو نچلی سوچ سے باہر آنے کی ضرورت ہے۔ اعلی تعلیم کے لئے مسلم طلبہ و طالبات کا شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ آندھرا پردیش اردو اکیڈمی کی جانب سے مسلم طلبہ و طالبات کے گروپ I کے لئے کوچنگ کلاسیس کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ایس اے شکور ڈائرکٹر اردو اکیڈمی آندھرا پردیش نے گزشتہ رات جگتیال میں عثمان پورہ یوتھ کی جانب سے جگتیال کے دینی مدرسہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والی طالبہ عائشہ ناز کی گروپ II میں کامیابی اور بحیثیت سینئر اکاؤنٹنٹ سب ٹریزری تقرر پر خواجہ رحمت علی کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں سکریٹریٹ کے آئی اے ایس آفیسرس میں ایک بھی مسلم نہیں ہے اور آئی پی ایس میں صرف چار مسلم آفیسرس ہیں، جب کہ آئی ایف ایس میں صرف ایک ہی آفیسر ہے۔ آج مسلم نوجوانوں کو اعلی تعلیم میں آگے آنے کی بہت ضرورت ہے۔ مسلمانوں میں اکثر طلبہ و طالبات انٹرمیڈیٹ کے بعد انجینئرنگ یا گریجویشن یا پھر پالیٹکنک کو ترجیح دے رہے ہیں، اس کے بجائے ایر فورس، سیول سروسیس گروپ I اور گروپ II پر توجہ دیں تو ضرور آگے بڑھ سکتے ہیں، جس کے لئے اردو اکیڈمی کی جانب سے کوچنگ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے عائشہ ناز کی گروپ II میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور گروپ I کے لئے تیاری کا مشورہ دیا، جس کے لئے اکیڈمی کی جانب سے کوچنگ فراہم کرنے کا انھوں نے تیقن دیا۔ اس موقع پر خواجہ لیاقت علی محسن صدر بزم اردو ادب اور عثمان پورہ یوتھ سرپرست نے بھی مخاطب کرتے ہوئے عائشہ ناز کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایس اے شکور کے ہاتھوں عثمان کی جانب سے مومنٹو، نقد انعام اور شال پوشی کی گئی۔ اس موقع پر یوتھ صدر خواجہ ضمیر علی عدنان، محمد حبیب، سید منظور، انصار، عبد الحمید عابد، محمد عبد المجاہد عادل اور دیگر بھی موجود تھے۔