اعظم گڑھ ( یو پی ) 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی نے اعظم گڑھ میں پارٹی صدر اکھیلیش یادو کے چار انتخابی جلسوں کو منسوخ کردیا ہے جو جمعہ کو ہونے والے تھے ۔ ضلع انتظامیہ پر بی جے پی حکومت کے دباو میں کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر حوالدار یادو نے الزام عائد کیا کہ ریاستی انتظامیہ اس نشست پر تکنیکی وجوہات بیان کرتے ہوئے انتخابات کو بھی ملتوی کرسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اب جبکہ پولنگ کیلئے دو دن ہی رہ گئے ہیں کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے خرچ سے متعلق قوانین میں ترمیم کی گئی ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ پر سازش رچنے کا الزام عائد کیا ۔