اعظم خاں کو فوری برطرف کرنے شیوسینا کا مطالبہ

دادری واقعہ پر اقوام متحدہ کو مکتوب لکھنے پر شدید تنقید
ممبئی۔ 7 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اقلیتی بہبود اعظم خاں پر شدید تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ ہندوستان میں اقلیتوں کی ’’ناگفتہ بہ حالت‘‘ کا جائزہ لینے کیلئے اقوام متحدہ کو فوری مداخلت کرنے لکھے گئے ان کے مکتوب کا سخت نوٹ لیتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر نے قوم سے شدید بددیانتی کی ہے۔ ان کی اس حرکت کے لئے انہیں فوری برطرف کردیا جانا چاہئے بلکہ انہیں تمام دستوری عہدوں سے ہٹا دیا جائے۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ میں ایڈیٹوریل لکھتے ہوئے کہا کہ اگر سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو اپنے اندر کوئی حب الوطنی نظر آتی ہے تو انہیں فوری اعظم خاں کو تمام عہدوں سے برطرف کرنا چاہئے۔ یوپی کے اس وزیر نے تمام جرائم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے لیکن اب انہوںن نے حد ہی کردی بلکہ عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ سیاست دانوں کی طویل قطار دادری کا دورہ کرنا چاہتی ہے جہاں 50 سالہ مسلم شخص کو گوشت کھانے کی افواہ پر قتل کردیا گیا۔ یہ لوگ ووٹ بینک سیاست کرتے ہوئے اپنے مفادات کو حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ شوسینا نے کہا کہ مرکز کی حکومت ایک سیکولر ذہن کے ساتھ کام کررہی ہے کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا ہے کہ آدھی رات کو بھی ان کے دَر پر دستک دی جاتی ہے تو وہ اقلیتوں کے حق میں اُٹھ کھڑے ہوں گے۔ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ اعظم خاں ذہنی معذور شخص ہیں۔