اعظم خان کے خلاف ایک اور ایف آئی آر

بجنور14اپریل (سیاست ڈاٹ کام )سماجوادی پارٹی کے متنازعہ قائد محمد اعظم خان کے خلاف نیہتور ضلع بجنور میں ایک انتخابی جلسہ عام میں اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ایک تازہ ایف آئی آر اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر سنجے کمار سنگھ کے پاس کل نہتور پولیس اسٹیشن میں درج کروایا گیا ۔ اعظم خان پر فرقہ وارانہ جذبات بھڑکاتے ہوئے 11 اپریل کو اپنی تقریر میں مذہبی خطوط پر طبقات کو تقسیم کرنے کا الزام ہے ۔ ویڈیو جھلکیاں دیکھنے کے بعد اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر نے اعظم خان اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار یشویر سنگھ کے نمائندہ راج وردھن سنگھ کے خلاف قانون تعزیرات ہند اور قانون عوامی نمائندگی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ قبل ازیں سماجوادی پارٹی کے سینئر سیاسی قائد کے خلاف تھانہ بھون پولیس اسٹیشن میں بھی ایک شکایت درج کروائی جاچکی ہے ۔ قاضی آباد پولیس نے بھی ان کے خلاف کارگل جنگ کے بارے میں اشتعال انگیز تقریر کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ ان پر سمبھل میں انتخابی تقریر کے ذریعہ فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے کا بھی الزام ہے۔انہوں نے یہ تقریر 9اپریل کو کی تھی۔